چیف ایگزیکٹو پاکستان کرکٹ بورڈ وسیم خان نے استعفیٰ دے دیا

news

لاہور: (بدھ: 29 ستمبر2021) اختیارات میں کمی اورتنخواہ میں کٹوتی پر چیف ایگزیکٹو پی سی بی نالاں، وسیم خان نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ میں استعفوں کا سلسلہ تھم نہ سکا، ذرائع کے مطابق وسیم خان نے گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ سے ملاقات کی جس میں رمیز راجہ نے تنخواہ اور اختیارات میں کمی کا عندیہ دیا جس کے بعد چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے اپنا استعفی پیش کر دیا۔

وسیم خان نےفروری 2019 ء میں اپنا عہدہ سنبھالا تھا اور ان کے پاکستان کرکٹ بورڈ سے کنٹریکٹ کی مدت اگلے برس ختم ہونی تھی۔ وسیم خان جلد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ انگلینڈ روانہ ہوں گے۔  ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم خان اختیارات میں کمی کے معاملے پر ناخوش تھے۔ وسیم خان نے رمیز راجہ کے ساتھ مزید معاملات نہ چلنے کی  بنیاد پر عہدے سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں ڈائریکٹر کرکٹ کا عہدہ متعارف کروانے کا پلان بنایا گیا ہے۔  چیف ایگزیکٹو کی جگہ اب ڈائریکٹر کرکٹ کا عہدہ متعارف کرایا جا سکتا ہے اور قانونی پیچیدگیوں اور ان کے حل کے بعد ڈائریکٹر کرکٹ کا عہدہ لایا جائے گا۔


 چئیرمین پی سی بی رمیز راجہ نئی پوسٹ لانے کے خواہشمند ہیں جس کے بعد چیف ایگزیکٹو کے اختیارات چیئرمین کے پاس ہوں گے۔ چیئرمین کے پاس چیف ایگزیکٹو کے اختیارات کا بھی آئینی جائزہ لیا جا رہا ہے۔  چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے بھی اختیارات کی کمی کے باعث مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔