سندھ حکومت نے وفاق سے پی ایم سی کو ختم کرنے کا مطالبہ کردیا

news

کراچی:(اتوار: 03 اکتوبر 2021) سندھ حکومت نے وفاق سے پی ایم سی کو ختم کرنے کا مطالبہ کردیا، وزیر جامعات سندھ اسماعیل راہو کہتے ہیں پی ایم سی میڈیکل کے طلبا کا مستقبل تباہ کر رہا ہے، اسے فوری ختم کیا جائے۔

ایک بیان میں وزیر جامعات سندھ اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ ذہین اور ٹاپ کرنے والے بچے فیل اور ذہنی مریض بن چکے ہیں، سندھ نے میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لئے پی ایم سی کی پالیسی پر پہلے ہی خدشات کا اظہار کیا تھا، پی ایم سی آنے والے ڈاکٹروں کے لیے مشکلات پیدا کر رہی ہے، پی ایم سی کو بچوں کا مستقبل تباہ کرنے نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے میڈیکل کے طلبا کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے، طلبا اور ڈاکٹروں سے لی گئی پی ایم سی کے ٹیسٹ میں بہت سی غلطیاں تھیں، آئین اور قانون وفاق کو پی ایم سی بنانے کا کوئی اختیار نہیں دیتا، تباہی سرکار غیر آئینی طور پر صوبوں کےمعاملات میں مداخلت کر رہی ہے، پی ایم سی نے بچوں سےٹیسٹ کے نام پہ دھوکہ کیا ہے،طلبا سے وعدہ کیا گیا تھا کہ کمپیوٹرائزڈ ٹیسٹ لیا جائے گا، جدید نظام ہو گا اور میرٹ کا خیال رکھا جائے گا مگرحقیقت میں ان کے مستقبل کےساتھ کھلواڑکیا گیا۔