news

کامیڈی کنگ عمر شریف کی میت جرمنی سے کراچی پہنچا دی گئی

کراچی:(بدھ: 06 اکتوبر 2021) کامیڈی کنگ عمر شریف کی میت جرمنی سے کراچی پہنچا دی گئی، ائیرپورٹ پر عمر شریف کے بیٹوں اور عزیز و اقارب نے میت وصول کی۔ میت ترک ائیر لائن کی پرواز سے کراچی پہنچائی گئی۔ عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل بھی اسی جہاز میں پاکستان پہنچیں۔ جسد خاکی قومی پرچم میں لپیٹ کر ایدھی سرد خانے منتقل کر دیا گیا۔ لیجنڈ اداکار کی نماز جنازہ سہ پہر تین بجے ادا کی جائے گی، تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں ہوگی۔

مداحوں کی جانب سے لیجنڈ اداکار عمر شریف کی میت پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا کہ عمر شریف کی نمازہ جنازہ ادائیگی کے انتظامات مکمل ہیں، عمر شریف کے ورثا سے مسلسل رابطے میں ہیں، ہرممکن مدد کریں گے، عمر شریف دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والوں میں نمایاں رہے، پوری کوشش ہے ان کے اہل خانہ کو سہولیات دیں، عمر شریف کے نام سے کسی ادارے کو بھی منسوب کیا جائے گا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے والوں میں عمر شریف کا نام نمایاں ہے۔ عمر شریف ہم میں نہیں رہے،مگر ان کی باتیں ہمیشہ ہمارے درمیان رہیں گی انہوں نے کہا ہے کہ عمر شریف کے بیٹے سے مسلسل رابطے میں ہوں۔پوری کوشش ہے کہ عمر شریف کے اہل خانہ کو سہولت دیں۔ اہلخانہ سے کہا ہے کوئی ادارہ عمر شریف کے نام سے منسوب کریں گے۔