افغانستان کے شہر قندھار میں دھماکا، 33 افراد ہلاک، 57 زخمی

news-details

قندھار:(جمع: 15 اکتوبر 2021) افغانستان کے شہر قندھار میں دھماکے میں 33 افراد ہلاک جبکہ 57 زخمی ہوگئے۔ افغانستان کے جنوبی شہر قندھار کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکا ہوا جس میں کئی ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ خبرا یجنسی کے مطابق دھماکے کی جگہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے شہر قندھار کی بی بی فاطمہ مسجد میں اس وقت زور دار دھماکا ہوا ہے جب وہاں نماز جمعہ ادا کی جا رہی تھی۔ دھماکا اتنا خوفناک تھا کہ آس پاس کی عمارتوں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
عینی شاہد نے اے ایف پی کو بتایا کہ امام بارگاہ میں تین دھماکے ہوئے، پہلا دھماکا مرکزی دروازے پر ہوا، دوسرا وضو خانہ اور تیسرا دھماکا شمالی حصے میں ہوا۔
دھماکے کے بعد ہر طرف انسانی اعضا بکھر گئے اور مسجد کا فرش خون سے سرخ ہوگیا۔ نمازیوں کی چیخ و پکار قیامت صغریٰ کا منظر پیش کر رہی تھی۔ اہنے عزیزوں کی تلاش میں مسجد کے گرد ہبری تعداد میں لوگ جمع ہونے سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا رہا۔
وزارت داخلہ کے ترجمان قاری سید خوستی نے بتایا کہ قندھار شہر کے امام بارگاہ میں نماز جمعہ کے دوران دھماکا ہوا ہے جس میں ہمارے درجنوں ہم وطنوں کے جان بحق ہونے کا خدشہ ہے۔ طالبان اہلکار دھماکے کی نوعیت اور نقصان کا اندازہ لگانے کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔