news-details
اسلام آباد

وزیراعظم عمران خان 23 اکتوبر کو سعودی عرب روانہ ہوں گے

اسلام آباد:(جمعرات: 21 اکتوبر 2021) وزیراعظم عمران خان 23 اکتوبر کو سعودی عرب روانہ ہوں گے، دورے کے دوران عمران خان سعودی قیادت سے ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ گرین انیشیٹیوکانفرنس میں شرکت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان 23 اکتوبر کو سعودی عرب روانہ ہوں گے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب 3 روز کا ہو گا، جہاں وہ عمرہ کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ روضہ رسول ﷺپرحاضری دیں گے۔
ذرائع نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سعودی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور گرین انیشیٹیوکانفرنس میں شرکت کریں گے۔ یاد رہے وزیراعظم کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ‏نےکانفرنس میں شرکت کی دعوت دی تھی، ولی عہدکی طرف سے دورے کی دعوت سعودی سفیرنےوزیراعظم کو ‏پہنچائی۔
خیال رہے موسمیاتئ تحفظ اور ماحولیات سے متعلق اہم چیلنجوں کا سامنا کرنے میں عالمی برادری کی کوششوں کی حمایت میں مملکت کے اہم کردار کی بنیاد پر دارالحکومت ریاض میں 23 سے گرین مڈل ایسٹ اینیشی ایٹیو فورم کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا جو25 اکتوبر 2021 تک جاری رہے گا۔
اس ضمن میں سعودی عرب نے دعوت نامے کئی عالمی سربراہان مملکت اور حکومتی عہدیداروں کے علاوہ مدعو ممالک کی بڑی کمپنیوں کے سی ای اوز اور کئی دیگر بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان، ماہرین تعلیم، ماحولیاتی میدان کے ماہرین اور سول سوسائٹی کے اداروں کے سربراہان کو ارسال کردیئے ہیں۔
واضح رہے کہ مڈل ایسٹ گرین انیشیٹیو کانفرنس میں پاکستان سعودی عرب موسمیاتی تبدیلیوں پر منصوبہ بندیوں پر ہم خیال ہے۔ یہ قابل ذکرہے کہ سبز سعودی عرب اور سبز مشرق وسطیٰ کے اقدامات کا ہدف خطے میں 50 ارب درخت لگانا اور کاربن کے اخراج کو عالمی شراکت کے 10 فیصد سے زیادہ کم کرنا ہے، تاکہ ماحولیاتی چیلنجوں کا سامنا کرنے اور ان پر قابو پانے میں مدد دی جاسکے اور زمین کی حفاظت اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی کوششوں کو آگے بڑھانے میں مدد ملے۔