ٹی 20 ورلڈکپ، پاکستان اور افغان ٹیمیں آج دبئی سٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی

news-details

لاہور:(جمعہ: 29 اکتوبر 2021) ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان اور افغان ٹیمیں آج رات 7 بجے دبئی سٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی، اس سے قبل بنگلہ دیش سہ پہر 3 بجے ویسٹ انڈیز سے ٹکرائے گا۔ ورلڈ کپ ٹی ٹونٹی میں شاہینوں کی فتوحات کا سلسلہ جاری، ایونٹ کی تاحال ناقابل شکست قومی ٹیم سے شائقین کی امیدیں بڑھ گئی ہیں، شاہین سپر 12 مرحلے کے تیسرے میچ کیلئے آج افغانستان کے خلاف میدان میں اتر رہے ہیں۔ آج کے میچ کے حوالے سے کرکٹ شائقین کا جذبہ عروج پر ہے، پوری قوم کی طرح پشاور میں ویمن یونیورسٹی کی طالبات قومی کرکٹ ٹیم کی جیت کے لیے دعاگو ہیں۔ کوئٹہ کی عوام بھی شاہینوں کی کامیابی کے لئے پرامید ہیں، کہتے ہیں کہ گرین شرٹس آج ہونے والے میچ میں انڈیا اور کیویز کی طرح افغانستان کو بھی پچھاڑ کر رکھ دیں گے۔ ملتان کے شائقین کرکٹ نے کھلاڑیوں کو نہ صرف مفید مشورے دئیے بلکہ ٹیم کی کامیابی کیلئے بھی دعاوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
بھارت اور نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہیں۔ پاکستان نے بھارت کے خلاف سپر 12 مرحلے کے پہلے میچ میں گھر کے شیروں کو تگنی کا ناچ نچایا، دوسرے میچ میں کیویز کو ہرایا، آج گرین شرٹس افغانستان کو شکست دینے کیلئے بھی پرعزم ہیں۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کا ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ بھی آج شیڈول ہے جو سہ پہر 3 بجے کھیلا جائے گا۔دونوں ٹیمیں اس سے قبل 2 دفعہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں آمنے سامنے آ چکی ہیں جس میں ایک مرتبہ بنگلہ دیش اور ایک دفعہ ویسٹ انڈیز نے فتح سمیٹی۔