ڈینگی کے حملے جاری، لاہور میں مزید 2 مریض، اسلام آباد میں ایک شخص جاں بحق

news-details

اسلام آباد:(اتوار: 31 اکتوبر 2021) ملک بھر میں ڈینگی کے حملے جاری ہیں، لاہور میں مزید 2 مریض جبکہ اسلام آباد میں ایک شخص دم توڑ گیا، حیدر آباد میں مجموعی اموات کی تعداد 3 ہو گئی۔
ملک میں ڈینگی نے پنجے گاڑھ دیئے،کیسز اور اموات میں اضافہ ہونے لگا، ہسپتالوں پر بھی دباؤ بڑھ گیا۔ لاہور میں ڈینگی کے مزید 2 مریض دم توڑ گئے۔ صوبے بھر کے ہسپتالوں میں 2488 مریض زیر علاج ہیں، پنجاب میں مزید 552 مریض رپورٹ ہوئے، لاہور میں 385، راولپنڈی میں 72، فیصل آباد اور ملتان میں 10،10مریض سامنے آئے، لاہور میں ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 1633 ہو گئی۔
ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی مزید ایک مریض جاں بحق ہو گیا،اسلام آباد میں ڈینگی سے مجموعی اموات کی تعداد 13ہو گئی ہے۔ ڈینگی سے متاثرہ شہریوں کی مجموعی تعداد 3ہزار 597ہو گئی ہے۔ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں ڈینگی کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2ہزار 72ہے۔
خیبر پختونخوا میں بھی ڈینگی کے مریضوں میں اضافہ ہو گیا ، مزید 319مریض رپورٹ ہوئے، صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 6ہزار 610ہو گئی جبکہ 5ہزار 30افراد صحت یاب ہو چکے ۔خیبر پختونخوا میں اب تک ڈینگی سے 8اموات ہوئی ہیں۔
حیدرآباد میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سول ہسپتال میں ڈینگی کے مزید 10 کیسز رپورٹ ہوئے، ہسپتال انتظامیہ کے مطابق سول ہسپتال کے ڈینگی وارڈ میں داخل مریضوں کی تعداد 25 ہے جبکہ ڈینگی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 342 ہو گئی۔ ضلع میں ڈینگی سے اب تک مرنےوالوں کی تعداد 3 ہے۔