ناظم جوکھیو قتل کیس، پولیس نے مزید 3 ملزمان کو عدالت پیش کر دیا

news-details

کراچی:(بدھ 10 نومبر 2021ع) کراچی کی ملیر کورٹ میں ناظم جوکھیو قتل کیس کی سماعت ہوئی، پولیس نے گرفتار مزید3 ملزمان کو عدالت میں پیش کردیا، عدالت نے دو غیر ملکیوں کے نام بھی کیس میں شامل کرنے کا حکم دے دیا۔
سماعت کے موقع پر کیس کے تفشیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے وڈیو وائرل ہونے کے بعد ناظم جوکھیو کو دھمکیاں دی تھیں، ملزمان میں رزاق، معراج اور جمال شامل ہیں، مقدمے میں اغوا کی دفعہ کا اضافہ کرکے مزید 11 ملزمان کو نامزد کیا ہے، عدالت نے تینوں ملزمان کو 16 نومبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
مقدمے میں اب تک ممبر صوبائی اسمبلی جام اویس سمیت 6 ملزمان گرفتار ہیں، وکیل مدعی کا کہنا تھا کہ مقدمے میں شکار کرنے والے 2 غیر ملکیوں کے نام بھی شامل کئے جائیں، مدعی نے پولیس کو بیان میں دو غیر ملکیوں کے نام بھی دیئے ہیں۔
پولیس نے تاحال مقتول ناظم جوکھیو کا موبائل فون اور خون آلود کپڑے برآمد نہیں کئے، تفتیشی افسر نے تاحال دفعہ 109 اور شواہد چھپانے کے دفعات شامل نہیں کیں، عدالت نے غیر ملکیوں کو بھی مقدمے میں شامل کرنے کا حکم دے دیا۔