ڈھاکا ٹیسٹ کا آخری روز: بنگلا دیش فالو آن کا شکار، میزبان ٹیم کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری

news-details

ڈھاکا:(بدھ 08 دسمبر 2021ع) ڈھاکا ٹیسٹ کے آخری روز بنگلا دیش پاکستان کے خلاف فالو آن کا شکار، میزبان ٹیم کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔ بنگلا دیش کا دوسری اننگز میں ٹاپ آرڈر فلاپ ہو گیا۔ اوپنرز شادمان اسلام اور محمود الحسن نے دوسری اننگز کا آغاز کیا ہی تھا کہ حسن علی نے محض 6 سکور پر محمود الحسن کو بولڈ کر دیا۔ ان کے بعد 2 رنز بنانے والے شادمان بھی پویلین لوٹ گئے، نجم الحسن 6 اور مومن الحق 7 رنز بنا سکے۔ مشفق الرحمن اور لٹن داس98 کے مجموعی سکور پر بیٹنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
فالو آن کی شکار بنگلا ٹیم نے قبل ازیں آج پہلی اننگز کا سلسلہ 7وکٹوں کے نقصان پر 76رنز سے جوڑا تو پاکستانی باولرز نے حریف بلے بازوں کو ٹکنے نہ دیا، تیج الاسلام کو صفر سکور پر ساجد خان نے پویلین کی راہ دکھا دی۔ ان کے بعد خالد احمد آئے، انہیں شاہین آفریدی نے شکار کیا۔ سب سے زیادہ 33 رنز بنانے والے شکیب الحسن کو بھی ساجد حسن نے چلتا کیا۔ یوں ساری ٹیم 87 کے مجموعے پر آوٹ ہو گئی۔ ساجد خان نے 8 مخالف بلے بازوں کو آؤٹ کر کے بنگلا دیش کو فالو آن کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ میزبان ٹیم کے 9 بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
واضح رہے کہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 300رنز پر ڈیکلیئر کردی تھی۔