حکومت روپے کو مستحکم رکھنے اور کاروبار کی ترقی کیلئے اقدامات اٹھائے: حاجی محمد جاوید میمن

news-details

سکھر( رپورٹ:بسما شمسی) صرافہ ایسوسی ایشن سکھر کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، حکومت کی جانب سے نت نئی ٹیکس پالیسیوں کی وجہ سے صنعت و تجارت اور کاروبار پرانتہائی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں، ڈالر کی اڑان پاکستانی روپے کی بے قدری کے باعث کاروبار مفلوج ہوکر رہ گیا ہے، حکومت روپے کو مستحکم رکھنے اور کاروبار کی ترقی کیلئے اقدامات اٹھائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے صرافہ بازار میں سبحان پالیش والے کی نئی دکان کے افتتاح کے موقع پر تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر حاجی غلام شبیر بھٹو، ذاکر خان، محمد عرفان، سعید احمد، عمران اللہ، راشد صدیقی، قیصر، عدنان، عتیق اللہ سومرو، کیلاش، محمد خالد، عبدالسمیع میمن، محمد رفیق، خالد سومرو، فہیم، و دیگر بھی موجود تھے۔
حاجی محمد جاوید میمن کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے صرافہ ایسوسی ایشن کے تاجروں، دکانداروں، کاریگروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے ایک گلدستہ سجایا ہے، ہمیشہ تاجروں کے اجتماعی مفاد کیلئے کام کیا ہے اور صرافہ بازار کے تاجروں، دکانداروں کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں، ان کا کہنا تھاکہ ہم نے مخلصانہ جدوجہد کے ذریعے صرافہ بازار کو وہ مقام عطا کیا کہ آج اس کا نام نہ صرف سکھر بلکہ پورے ملک میں گونجتا ہے۔ انشاءاللہ آئندہ بھی تاجروں کے اتحاد و یکجہتی کو برقرار رکھتے ہوئے تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھاتے رہینگے۔ قبل ازیں حاجی محمد جاوید میمن و دیگر نے سبحان پالیش والے کی نئی دکان کا ربن کاٹ کر افتتاح کیا۔
اس موقع پر حاجی محمد جاوید میمن و دیگر کا پھولوں کے ہارپہنا کر والہانہ پرپتاک استقبال بھی کیا گیا۔