کراچی:(جمعہ 18 فروری 2022ع) نجی ٹی وی کے سینئر صحافی اطہر متین کو ڈاکووں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکےموت کے گھاٹ اتار دیا۔ ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان کے مطابق ڈاکووں نے سینئر صحافی کو نارتھ ناظم آباد میں لوٹنے کی کوشش کی،صحافی نے بھرپور مزاحمت کی اور گاڑی سے ڈاکوؤں کو ٹکر بھی ماری، ڈاکووں نے واردات ناکام ہوتے دیکھ کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر صحافی جاں بحق ہو گئے۔
ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ واردات کے شواہد جمع کرلیے، مزید جانچ پرتال کررہے ہیں۔ جائے وقوعہ کا جائزہ لینے والی ٹیم کے مطابق ڈاکووں نے 3 فائر کئے ، اطہر متین کو ایک گولی لگی، واردات کے مقام سے 30 بور کے 3 خول ملے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران پولیس نے ڈاکوؤں کی موٹر سائیکل کا سراغ لگا لیا، موٹر سائیکل بلوچستان کے علاقے خضدار سے 2020 میں خریدی گئی جو محمد جہانگیر کے نام پر ہے، موٹر سائیکل 125سی سی ہے لیکن دستاویزات میں 70سی سی سامنے آئی ہے۔ موٹر سائیکل کے چیسز میں بھی ردو بدل کیا گیا ہے۔