سابق میئر کراچی وسیم اختر کے وارنٹ گرفتاری جاری، 12 مارچ کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم

news-details

کراچی:(ھفتہ 26 فروری 2022ع) سابق میئر کراچی وسیم اختر کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے۔ کراچی کی انسداد دہشت گردی (اے ٹی سی) عدالت میں اسپتال میں دہشت گردوں کے علاج سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
دوران سماعت پولیس کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمان پر 2015 میں تھانہ نارتھ ناظم آباد میں مقدمہ درج ہے۔ وسیم اختر کے وکیل کی جانب سے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی تاہم عدالت نے وسیم اختر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے وسیم اختر کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
عدالت نے وسیم اختر کو 12 مارچ کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف 2015 میں رینجرز کے چھاپے کے بعد مقدمہ درج کیا تھا جبکہ وسیم اختر کے خلاف دہشت گردوں کو پناہ دینے، 12 مئی واقعات اور اشتعال انگیز تقریر سمیت 39 مقدمات دائر ہیں۔