راولپنڈی ٹیسٹ کا پہلا روز: پاکستانی اوپنرز کا پر اعتماد آغاز، امام الحق کی ففٹی

news-details

راولپنڈی:(جمعہ 04 مارچ 2022ع) پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا اور قومی ٹیم نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 100 رنز بنا لیے ہیں۔ عبداللہ شفیق 41 اور امام الحق 55 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
قومی کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ سیریز کیلئے پر جوش ہیں، کوشش کریں گے کہ اچھا کھیل پیش کریں، ٹیم میں 2 اسپنرز شامل کیے ہیں۔ پاکستان پلیئنگ الیون کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، امام الحق، اظہر علی، فواد عالم، افتخار احمد، محمد رضوان، نعمان علی، ساجد خان، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اب تک ہونے والے ٹیسٹ مقابلوں میں آسٹریلیا کو پاکستان پر واضح برتری حاصل ہے، چھیاسٹھ ٹیسٹ میچز میں تینتیس مرتبہ جیت کینگروز کا مقدر بنی، شاہینوں نے پندرہ بار میدان مارا جبکہ اٹھارہ میچز بے نتیجہ ختم ہوئے۔ ادھر سی ای او پی سی بی فیصل حسنین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان پر شکر گزار ہیں، پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا آج اہم دن ہے، حالیہ سیریز سے دنیا کو مثبت اور مضبوط پیغام جائے گا، پاکستانی عوام کی جانب سے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنا چاہتے ہیں۔