سافکو کی جانب سے بے گھر افراد کو گھر کی لیے آسان اقساط پر مالی تعاون فراہم کرنے کا پروگرام شروع

news-details

حیدرآباد:(بدھ 15 مارچ 2022ع) سافکو کی جانب سے ضرورت مند بے گھر افراد کو گھر کی تعمیر یا خریداری کے لیے آسان اقساط پر مالی تعاون فراہم کرنے کا پروگرام شروع کردیا گیا ہے، جس کے لیے 'پاکستان مورگیج ری فنانس کمپنی' کے ساتھ کام کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ سافکو سپورٹ فاؤنڈیشن اور پی ایم آر سی کے درمیان کئی روز تک جاری رہنے والے رابطوں کے بعد گزشتہ روز فریقین کے درمیان خاص اجلاس منعقد ہوا، جس میں مذاکرات کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں سافکو کے بانی و چیف ایگزیکٹو سلیمان جی ابڑو، منیجنگ ڈائریکٹر سجاد علی شاہ، چیف فنانس آفیسر علینہ افتخار، ہیڈ آف بزنس آپریشنز بشیر احمد ابڑو، منیجر کریڈٹ مینجمنٹ ارسلا انجم نے جبکہ پی ایم آر سی کی جانب سے اس کے ہیڈ آف بزنس محمد شہزاد خان، ہیڈ آف پراڈکٹس جمیل اختر، سینئر منیجر بزنس مارکیٹنگ شیخ طحہٰ نے شرکت کی۔ فریقین نے فیصلہ کیا کہ بے گھر اہل افراد کو مکان خریدنے یا تعمیر کرانے کے لیے کم از کم تین اور زیادہ سے زیادہ پانچ سال کی مدت کے آسان قرضے دیے جائیں گے۔ اور ابتدائی طور پر 500 لوگوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے سلیمان جی ابڑو نے کہا کہ ملک کے شہروں خواہ دیہات میں بڑھتی ہوئی آبادی کا سب سے بڑا مسئلہ رہائشی سہولیات کا فقدان ہے کیونکہ بیک وقت مالی استطاعت نہ ہونے کی وجہ سے لوگ اپنا گھر تعمیر نہیں کراسکتے۔ اس لیے وہ نہ صرف کرائے کے اخراجات برداشت کرتے ہیں بلکہ اور بھی کئی مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی انسان اپنی زندگی میں ایک ہی گھر بنا سکتا ہے، اگر ہم لوگوں کو گھر بنانے کے لیے آسان شرائط و اقساط پر رقم فراہم کریں تو یہ نہ صرف ملک و قوم کی بہت بڑی خدمت ہوگی بلکہ ہم خلق خدمت کے بہترین عمل کا حصہ بھی بنیں گے۔
اس موقع پر پاکستان مورگیج کے ہیڈ آف بزنس محمد شہزاد خان نے سافکو سپورٹ فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کمپنی 'پی ایم آر سی' کا بھی بنیادی مقصد ایسے کاموں میں رقوم کی فراہمی میں حائل رکاوٹون کو دور کرنا ہے تاکہ اداروں اور ضرورت مند اہل لوگوں کو بروقت مالی معاونت فراہم ہوسکے۔ جس کے لیے سافکو سپورٹ فائونڈیشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ اور اس کام کا دائرہ کار مرحلہ وار بڑھایا جائے گا.