ملک بھر میں سیاسی صورتحال مستحکم: روپیہ مزید تگڑا، سٹاک مارکیٹ میں بڑی تیزی، کھربوں کا فائدہ

news-details

لاہور: (پير 11 اپريل 2022ع) ملک بھر میں غیر یقینی سیاسی صورتحال کے خاتمے کے بعد امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر تیزی سے بحال ہونے لگی جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 1700 پوائنٹس کی بڑی تیزی ریکارڈ کی گئی۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک روپے 75 پیسے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی نئی قیمت 184 روپے 68 پیسے سے کم ہو کر 182 روپے 93 پیسے تک پہنچ گئی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 3 روپے 70 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 3 روپے 50 پیسے سستا ہو کر 184 روپے 50 پیسے کا ہوگیا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر جمرات سے اب تک 6روپے سستا ہوچکا ہے۔ 7اپریل کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر 190روپے 50پیسے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا تھا
دوسری جانب پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی سیاسی صورتحال کے خاتمے کے بعد زبردست تیزی کی واپسی ہوئی ہے، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس میں 1750 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی۔ سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر 1700.38 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 46144.96 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ اس سے قبل 5 جون 2017 کو ایک روز میں 1566 پوائںٹس کا اضافہ ہوا تھا پورے کاروباری روز کے کاروبار میں 3.83 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 22 کروڑ 88 لاکھ 57 ہزار 846 شیئرز کا لین دین ہوا۔ سرمایہ کاروں کو زبردست تیزی کے باعث دوسو ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ملکی سیاسی صورتحال میں استحکام برقرار رہا تو ڈالر اور سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے کو مل سکتی ہے، اس وقت ملک کو دیر پر ترقی کے لیے استحکام کی ضرورت ہے۔