ناظم جوکھیو قتل کیس میں اہم پیشرفت، پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی سمیت 8 افراد کے نام خارج

news-details

کراچی:(بدهه 13 اپريل 2022ع) انسداد دہشتگردی عدالت کراچی میں ناظم جوکھیو قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ کیس کے تفتیشی افسر سراج لاشاری نے چالان عدالت میں جمع کروادیا۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام کریم اور رکن سندھ اسمبلی جام اویس سمیت 8 افراد کے نام خارج کردئیے گئے۔ ناظم قتل کیس کے تفتیشی افسر سراج لاشاری نے مقدمے کا چالان انسداد دہشتگردی کی منتظم عدالت میں جمع کروادیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمے سے پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام کریم اور رکن سندھ اسمبلی جام اویس سمیت 8 افراد کے نام خارج کردئیے۔ مقدمے میں حیدر، معراج اور نیاز کو بطور ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ ناظم جوکھیو کو نومبر 2021 میں میمن گوٹھ تھانے کی حدود میں قتل کیا گیا تھا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نے کیس میں دہشتگردی کی دفعات شامل کرنے کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ ناظم جوکھیو کی اہلیہ نے پیپلز پارٹی کے ایم این اے جام عبدالکریم کو معاف کرنے اور کیس کی پیروی نہ کرنے کا بیان دیا تھا۔