news-details
کراچی

سماجی کارکن بلقیس ایدھی انتقال کرگئیں

سماجی کارکن اور مرحوم عبدالستار ایدھی کی زوجہ بلقیس ایدھی کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئیں۔

ترجمان ایدھی کے مطابق بلقیس ایدھی عارضہ قلب سمیت دیگر امراض میں مبتلا تھیں اور وہ ایک ماہ سے علیل اور نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔

ترجمان نے بتایا کہ بلقیس ایدھی کی نمازجنازہ اورتدفین کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

بلقیس ایدھی معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی مرحوم کی اہلیہ تھیں اور عبدالستار ایدھی کے انتقال کے بعد وہ ایدھی فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن بنی تھیں۔

دوسری جانب وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بلقیس ایدھی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ بلقیس ایدھی نے مرحوم عبدالستار ایدھی کے انسانیت کی خدمت کے مشن کو جاری رکھا۔

انہوں نے بلقیس ایدھی کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی بلقیس ایدھی کے انتقال پر گہرے دکھ اظہار کیا اور ان کی سماجی خدمات کو سراہا۔