جامعہ کراچی خودکش حملے کی تفتیش میں اہم پیشرفت سامنے آگئی، خودکش بمبار شاری بلوچ کے گھر پر چھاپہ

news-details

کراچی:(جمعرات 28 اپریل 2022ع) جامعہ کراچی خودکش حملے کی تفتیش میں اہم پیشرفت سامنے آگئی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خودکش بمبار شاری بلوچ کے اصل گھر کا سراغ لگالیا۔چھاپہ مار کارروائی اسکیم 33 میں واقعے رہائشی سوسائٹی میں کی گئی۔ رات گئے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خودکش بمبار شاری بلوچ کے اصل گھر کا سراغ لگاکر اسکیم 33 میں واقعے رہائشی سوسائٹی میں چھاپہ مار کارروائی کی گئی۔تیسری منزل کا رہائشی فلیٹ 3 سال تک بم بار خاتون کے استعمال میں رہا۔ تفتیشی اداروں نے فلیٹ کے مالک کے حوالے سے چھان بین شروع کر دی۔
تفتیشی حکام کے مطابق گھر شاری بلوچ کے والد کا بتایا جاتا ہے۔ گھر سے لیپ ٹاپ اور دیگر دستاویزات قبضے میں لی گئی ہیں۔ سی ٹی ڈی ذرائع کا دعوی ہے کہ گھر میں سرکاری نمبر پلیٹ کی گاڑی میں آمدورفت ہوتی رہی ہے۔ اس ہی گھر میں کچھ ہفتے قبل خاتون بم بار کی بہن کی شادی ہوئی تھی۔
سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ خود کش بمبار شاری بلوچ سات بہن بھائی ہیں ۔ خودکش بمبار کی بہن بھی پی ایچ ڈی ڈاکٹر ہے ۔ سی ٹی ڈی حکام نے اہم دستاویزات تحویل میں لینے کے بعد گھر کو سیل کردیا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق دونوں مقامات سے اہم دستاویزات اور مختلف اشیاء تحویل میں لے لی گئی ہیں، برآمد سامان سے تفتیش میں اہم پیشرفت متوقع ہے۔