ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے درمیان طے معاہدے میں پیش رفت، بلدیاتی ترمیمی ایکٹ سے متعلق ڈرافٹ پیپلز پارٹی کے حوالے

news-details

کراچی:(پير: 09 مئي 2022ع) ایم کیو ایم کی مذاکراتی کمیٹی نے بلدیاتی ترمیمی ایکٹ سے متعلق ڈرافٹ پیپلز پارٹی کے حوالے کردیا۔ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے درمیان طے پانے والے معاہدے میں پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کی مذاکرات کے لیے بنائی گئی کمیٹی نے بلدیاتی ترمیمی ایکٹ سے متعلق ڈرافٹ پیپلز پارٹی کے حوالے کردیا ہے، ڈرافٹ 150 صفحات پر مشتمل اور سپریم کورٹ کے فیصلے آرٹیکل 140 اے کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کی جانب سے پیپلزپارٹی کو ارسال کئے گئے ڈرافٹ میں تمام بلدیاتی ادارے، اٹھارٹیز، سندھ سالڈ ویسٹ بورڈ، واٹر بورڈ سمیت دیگر ادارے مئیر کے ماتحت کرنے کی شق بھی شامل ہے، اور اس میں تمام اداروں کے انتظامی، مالی اختیارات بھی مئیر کے ماتحت کرنے کی شق شامل ہے، جب کہ بلدیاتی نظام کو میٹروپولیٹین کارپوریشن کی شکل میں چلائے جانے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔
ایم کیوایم ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرافٹ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں تیار کرکے پیپلز پارٹی کو بھجوایا گیا ہے، پیپلز پارٹی کو اب ڈرافٹ پر قانون سازی کرکے اسے قانونی شکل دینی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی جانب سے ایڈمنسٹریٹر کے حوالے سے بھی ناموں پر مشاورت جاری ہے، اور ایم کیو ایم مکمل اختیارات مل جانے کے بعد مئیر یا ایڈمنسٹریٹر شپ لینے پر غور کررہی ہے، سفارشات پرعملدرآمد کو جلد ممکن بنایا جائے گا۔