سندھ حکومت نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کا فیصلہ کرلیا

news-details

کراچی:(پير: 30 مئی 2022ع) سندھ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کے لئے متعدد سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے ہوگیا۔ سندھ میں بلدیاتی انتخاب کا پہلہ مرحلہ ملتوی کرنے کی درخواست الیکشن کمیشن میں یکم جون کو دی جائے گی۔ درخواست صوبائی وزیر بلدیات ناصر شاہ اپوزیشن جماعتوں کے اتفاق کے بعد جمع کرائیں گے۔
الیکشن کمیشن کو نئی تاریخ کے حوالے سے بھی کی گئی مشاورت سے آگاہ کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ سلیکٹ کمیٹی میں مشاورت سے کیا گیا ہے۔ سندھ حکومت نے انتخابات ملتوی کرنے کی سلیکٹ کمیٹی کی سفارشات ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو ارسال کردیں، جو انہیں سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرائیں گے۔
رواں ماہ ایم کیو ایم پاکستان نے ای سی پی کی قانونی حیثیت کو چیلنج کرنے اور بلدیاتی انتخابات کو مؤخر کرنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ ایم کیو ایم نے بلدیاتی سیٹ اپ کو 90 روز کے لیے ملتوی کرنے کی استدعا کی ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے بھی صوبے بھر میں اعلان کردہ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول پر حکم امتناعی کی درخواست دائر کی تھی جسے سندھ ہائیکورٹ نے مسترد کردیا تھا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہم بلدیاتی انتخابات کو نہیں روک سکتے۔ جے یو آئی نے بھی چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر الیکشن ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے سندھ میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کیلئے شیڈول جاری کردیا ہے۔ کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ ڈویژن میں پولنگ 24 جولائی کو ہوگی۔