news-details
اسلام آباد

جس شخص کی آنکھ کے اشارے سے ملک ہل جاتا تھا آج وہ خود ہل بھی نہیں سکتا: وفاقی وزیر داخلہ راناثناءاللہ

اسلام آباد(آن لائین انڈس، 02 جولائی، 2022عہ)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حکومت نے صرف فرح گوگی اوراحسن گجر کی تقدیر بدلی، ملک کے لئے کچھ کرسکتے تو چار سالوں میں کرلیتے، ایک شخص کے علاوہ سب اکٹھے ہیں، اکیلے پن کا شکار شخص ہر کسی کو گالی دیتا ہے۔

اسلام آباد میں شہدا پولیس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ایک ارب ڈالر کے لئے آئی ایم ایف نے تگنی کا ناچ نچا دیا،ہر قیمت پر آئی ایم ایف سے مذاکرات کرنا لازمی تھا، آئی ایم ایف سے غلط معاہدہ کیا گیا جو خامیوں سے بھرپورتھا اور شرائط بھی صحیح نہیں تھیں۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ کوشش کی پیٹرول کی قیمتیں نہ بڑھانا پڑیں اور سوچا کہ کہ قیمتیں بڑھانے کے بجائے الیکشن میں چلے جائیں لیکن الیکشن میں جاتے تو ملک دیوالیہ ہوجاتا، پاکستان کی معیشت اور امن و امان کی صورتحال ساری قیادت کے مل بیٹھ کربات کرنے سے ہی حل ہوگی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ جس شخص کی آنکھ کے اشارے سے ملک ہل جاتا تھا آج وہ خود ہل بھی نہیں سکتا، شہدا کی قربانی قوموں کی تقدیر کو بدلتی ہے، شہید کا قرض تو پوری قوم پر ہوتا ہے۔