تمام جماعتوں سے رابطے کیے اور سب نے ہی سندھ کا امن و امان برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے: صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن

news-details

حیدرآباد(آن لائین انڈس، 16 جولائی، 2022عہ) صوبائی وزیر سندھ برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حیدرآباد واقعے پر کسی کو سیاست چمکانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تمام جماعتوں سے رابطے کیے اور سب نے ہی امن و امان برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر سندھ برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے صوبائی وزیر سید ناصر شاہ اور ایس ایس پی حیدرآباد امجد شیخ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جو شرانگیزی پھیلائے گا اُس کے خلاف بلا تفریق کارروائی کریں گے، حیدرآباد میں نوجوان بلال کاکا کے قتل کے بعد سندھ حکومت نے تمام جماعتوں سے رابطے کیے اور سب نے ہی امن و امان برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ سندھ کے قومپرست رہنماؤں اور عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر کی جانب سے امن برقرار رکھنے کے بیانات اور کاوش ایک اچھا اقدام ہے، ہم لسانی فساد کی کوشش کو ناکام بنائیں گے۔

شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ صوبہ اور ملک افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتا، شرپسندوں نے ذاتی مفادات کی خاطر لسانی فسادات پھیلانے کی کوشش کی، ہم بھائی کو بھائی سے لڑانے کی سازش کو کبھی بھی کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔

صوبائی وزیر شرجیل نعام میمن نے کہا کہ کاروبار بند کروانے کی کوشش کرنے والوں سے سختی سے نپٹا جائے گا، لوگوں کو غلط انفارمیشن دی گئی، آئی جی سندھ نے ایف آئی ای کو خط لکھ دیا ہے جس کے بعد ایف آئی ای نے سوشل میڈیا پر جن جن نے غلط پوسٹیں کی ہیں ان کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ہے۔