وزیراعظم شہباز شریف کا سندھ میں سیلاب متاثرہ علاقوں کے بحالی کے لیے سندھ حکومت کو 15 ارب روپے کی گرانٹ دینے کا اعلان

news-details

سکھر: (جمعہ 26 اگست 2022) وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ میں سیلاب متاثرہ علاقوں کے بعد بحالی کے لیے سندھ حکومت کو 15 ارب روپے کی گرانٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ متاثرین سیلاب سے ملاقات کرنے کے بعد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ سیلابی ریلوں نے ہر طرف تباہی مچائی ہوئی ہے ۔ سندھ میں تو ہر طرف پانی ہی پانی ہے ۔ 900سےزائد لوگ جاں بحق ہوئے ہیں۔ مجھے تباہ کاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ ہم نے دیکھا کہ لوگ گھروں سے باہر ہیں۔ بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بھی سیلابی صورتحال ہے۔ بارشوں اور سیلاب سے فصلیں تباہ، مکانات منہدم، لوگ بے گھر،مواصلاتی نظام درہم برہم ہے۔ سندھ حکومت گرانٹ کو سیلاب متاثرین کی بحالی میں استعمال کرے گی۔ صوبوں سے مل کر سیلاب زدگان کی مدد کررہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ 28ارب روپے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کو دیے ہیں۔ آج سے سندھ میں یہ تقسیم شروع ہوجائے گی۔ بلوچستان میں بھی حالات بہت زیادہ خراب ہیں۔ وزیراعظم نے سندھ حکومت کے لیے 15ارب گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ حکومت یہ گرانٹ سیلاب متاثرین پرخرچ کرے گی۔ این ڈی ایم اے سندھ حکومت کے ساتھ معاونت کرے گا۔ مخیر حضرات ،صنعتکار، تاجر عطیات دیں۔ خیمے اور مچھر دانیوں کا انتظام کررہے ہیں ۔ جو مچھر دانیاں ملیں انہیں بلوچستان اور سندھ میں تقسیم کیں ۔
قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے سکھر، روہڑی، خیرپور، فیض گنج، کوٹ ڈجی اور ٹھری میر واہ کے سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی دورہ کیا جس کے بعد وہ متاثرین کی مدد اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لینے کے لیے سکھر پہنچے تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید شاہ، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔ ضلعی انتظامیہ اورپی ڈی ایم اے کی جانب سے وزیراعظم کوبحالی کےکاموں سے متعلق بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد کی جا رہی ہے۔ بعض علاقوں میں سیلاب کی وجہ سے مواصلاتی رابطے منقطع ہیں۔ شہر اور دیہاتوں کا انفرااسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے، جس کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔