اداکارہ زارا نور عباس نے بچے کی پیدائش اور انتقال کا دکھ بیان کردیا

news-details

کراچی: (بدھ: 14 ستمبر 2022ع) اداکارہ زارا نور عباس نے اپنے بچے کی پیدائش اور اس کے انتقال کے موقع پر ہونے والے دکھ کو بیان کیا ہے۔ اداکارہ زارا نور عباس ٹی وی کی معروف اداکارہ ہیں، وہ اپنے شوہر اسد صدیقی کے ساتھ گزارے جانے والے خوبصورت لمحات کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتی رہتی ہیں لیکن کچھ عرصہ قبل ان کو گود بھرنے سے پہلے ہی اجڑ گئی۔ اس حوالے سے زارا نور عباس نے اپنے ایک انٹرویو میں اپنا سارا دکھ بیان کیا ہے۔ انٹرویو کا کچھ حصہ زارا نور عباس نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا ہے۔
وڈیو کے ساتھ زارا نور عباس نے لکھا کہ جو آپ نے ہمیشہ کے لیے کھو دیا اس کے بارے میں بات کرنا ہمیشہ ایک مشکل کام ہوتا ہے،لیکن آخر کار میں اپنی ہمدرد دوست کے ساتھ اپنے دل کا حال بیان کرسکی۔ اپنے انٹرویو میں زارا نور عباس نے ملک کے ہیلتھ سسٹم اور لاپرواہی کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ گہرے جذباتی صدمے سہنے کے بعد بھی خواتین خود کو بہت کمزور سمجھتی ہیں حالانکہ انہیں اس بات کا اندازہ نہیں کہ وہ کتنی بہادر ہیں۔
زارا نورعباس نے کہا کہ وہ جس صورت حال سے گزریں اس میں سب سے تکلیف دہ بات یہ تھی کہ میں ڈاکٹروں کومسلسل کہتی رہی کہ میں ڈپریشن کی مریضہ ہوں، میں پچھلے سال تک اس حوالے سے دوائیاں لیتی رہی ہوں لیکن اب میں نے وہ دوائیں لینا چھوڑ دی ہیں۔ اگر بچے کی حالت ایسی نہیں ہے کہ اسے بچایا جاسکے تو مجھے آپ دوائی دے دیجیے گا، تا کہ میں سو جاؤں لیکن انہوں نے مجھے کوئی دوائی نہیں دی۔ اداکارہ نے مزید کہا کہ اس ساری صورت حال میں رات بھر بیڈ پر لیٹی رہی، میرے گھر والے اور دیگر عزیز میری عیادت کے لئے آتے رہے۔ میں صبح 9 بجے تک بستر پر لیٹی رہی، اپنے بچے کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری ہونے تک میں جاگتی رہی۔ اس موقع پر میں نے اپنا صبر کھو دیا تھا، مجھے غصہ آ رہا تھا۔
زارا نور عباس نے کہا کہ سچ کا سامنا کرنا بہت مشکل ہوتا ہے، لوگ اسے ماننے کو تیار نہیں ہوتے، سچ بتا کر کسی کو گھر پہنچانے کی ضرورت نہیں، اگر وہ سچ کا سامنا نہیں کرنا چاہتے تو اسے حالت میں ہی رہنے دیں۔ زارا نور عباس کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے چند ماہ قبل اسد صدیقی نے بھی بتایا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ شروع میں سب بہتر لگ رہا تھا لیکن بعد میں کچھ پیچیدگیاں ہوتی گئیں۔