ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کر دی

news-details

اسلام آباد: (ہفتہ:یکم اکتوبر 2022) ادارہ شماریات کے مطابق شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح 21.2 فیصد اور دیہی علاقوں میں 26.1 فیصد رہی۔ اس سے قبل اگست میں مہنگائی 27.3 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔ ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی شرح 27.26 فیصد سے کم ہو کر 23.18 فیصد پر آ گئی ہے اور اگست کے مقابلے ستمبر میں مہنگائی میں 1.15 فیصد کی کمی ہوئی۔ جولائی تا ستمبر 2022 میں مہنگائی کی اوسط شرح 25.11 فیصد رہی اور ستمبر میں شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح میں 2.1 فیصد کمی ہوئی لیکن ستمبر میں دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح 0.2 فیصد بڑھی۔ ستمبر میں دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح 26.1 فیصد رہی۔
ستمبر میں شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح 21.2 فیصد رہی اور ستمبر میں سالانہ بنیاد پر شہری علاقوں میں ٹماٹر 33.8 فیصد مہنگے ہوئے۔ گزشتہ ماہ سبزیاں 22.3 اور دال مونگ 19.5 فیصد مہنگی ہوئی۔ جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ایک ماہ میں آلو 17.4 فیصد، گندم 15.3 فیصد اور انڈے 14.2 فیصد مہنگے ہوئے جبکہ ستمبر میں چکن 13 فیصد، چائے 11.5 فیصد اور بیسن 9.7 فیصد مہنگا ہوا۔ ستمبر میں دیہات میں ٹماٹر کی قیمت 72.3 فیصد بڑھی اور سالانہ بنیاد پر ٹماٹر 127.8 اور دال مسور 79.5 فیصد مہنگی ہوئی۔
ایک سال میں سبزیاں 67 اور دال چنا 64.2 فیصد مہنگا ہوا جبکہ ایک سال میں دال ماش 56.3 فیصد، گندم 55.3 فیصد اور چاول 39.8 فیصد مہنگے ہوئے۔ سالانہ بنیاد پر موٹر فیول 86.9 فیصد اور اسٹیشنری 54.3 فیصد مہنگی ہوئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق ماہانہ بنیاد پر ستمبر میں بجلی چارجز 65.3 فیصد کم ہوئے اور سالانہ بنیاد پر بجلی چارجز 30.4 فیصد کم ہوئے۔