news-details

ایک شخص ملک میں انتشار پھیلانے کیلئے ہر لائن عبور کر رہا ہے، ہم اداروں پر حملہ برداشت نہیں کریں گے: آصف زرداری

کراچی: (هفتہ: 05 نومبر2022ء) سابق صدر آصف علی زرداری نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایک شخص ملک میں انتشار چاہتا ہے لیکن ہم اداروں پر حملہ برداشت نہیں کریں گے۔
آصف علی زرداری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک شخص ملک میں انتشار پھیلانے کے لئے ہر لائن عبور کر رہا ہے، اس شخص کو نہ تو ملکی سالمیت کی فکر ہے اور نہ ملکی اداروں کی، اس شخص کو صرف اقتدار اقتدار اور اقتدار کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کی بقا سے ہی ملک کی بقا ہے اور ہم کسی صورت اداروں پر حملہ برداشت نہیں کریں گے۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ 1947 سے لے کر اب تک ہم نے اور اداروں نے ملکر دشمن کا مقابلہ کیا ہے اور اب بھی کریں گے، دشمن نے اس دفعہ اندر کے لوگوں سے ہی حملہ کروایا ہے، ہم اپنی پاک فوج کی قربانیوں اور شہادتوں کو کبھی نہیں بھلا سکتے، ہم دشمن کی اس سازش کو بھی ناکام بنائیں گے۔