ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: سری لنکا کو شکست، انگلینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا

news-details

سڈنی: (هفتہ: 05 نومبر2022ء) انگلینڈ نے سپر 12 مرحلے میں اپنے آخری میچ میں سری لنکا کو ہرا کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا جب کہ دفاعی چیمپئین آسٹریلیا ایونٹ سے باہر ہوگئی۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں گروپ 1 کے میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔
اس کے ساتھ ہی انگلینڈ نے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا جب کہ دفاعی چیمپئین اپنے ہی ملک میں کھیلے جارہے ایونٹ کے فائنل 4 میں جگہ نہ بنا پایا۔ گروپ 1 سے انگلینڈ کے علاوہ نیوزی لینڈ بھی سیمی فائنل میں پہنچ چکا ہے۔
نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کا سیمی فائنل میں کن ٹیموں سے مقابلہ ہوگا، اس کا فیصلہ اتوار کو گروپ 2 کے مقابلوں سے ہوگا۔ گروپ 2 میں صورت حال پیچیدہ ہے، یہاں جنوبی افریقا، بھارت اور پاکستان میں سے 2 ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔
اتوار کو جنوبی افریقا کا مقابلہ نیدر لینڈز، پاکستان کا بنگلا دیش اور بھارت کا زمبابوے سے ہے۔ بھارت تو تقریباً سیمی فائنل میں پہنچ چکا ہے لیکن جنوبی افریقا نے نیدرلینڈ کو ہرادیا تو وہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرجائے گا۔ اگر جنوبی افریقا ہار گیا اور پاکستان نے بنگلا دیش کو ہرادیا تو پاکستان فائنل 4 کی چوتھی ٹیم بن جائے گی۔