گھوٹکی میں پولیس مقابلہ؛ ڈی ایس پی، 2 ایس ایچ او سمیت 5 پولیس اہلکار شہید، متعدد پولیس اہلکار زخمی

news-details

گھوٹکی : (اتوار: 06 نومبر2022ء) گھوٹکی میں ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران ڈی ایس پی اور 2 ایس ایچ اوز سمیت 5 اہلکار شہید ہوگئے۔ گھوٹکی کے علاقے روانتی کچے میں پولیس کیمپ پر ڈاکوؤں کے حملے سے ڈی ایس پی اوباڑو اور 2 ایس اوز سمیت 5 اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق سات روز قبل اوباڑو میں رونتی روڈ سے تین افراد کو اغوا کرلیا گیا تھا، جن کی بازیابی کے لئے پولیس نے رونتی کے کچے کے علاقے میں ٹارگیٹیڈ آپریشن شروع کیا۔ حکام نے بتایا کہ ڈی ایس پی اوباڑو عبدالمالک بھٹو، ایس ایچ او کھینجو دین محمد لغاری، ایس ایچ او میرپورماتھیلو عبدالمالک کمانگر آپریشن کے حوالے سے پولیس کیمپ میں موجود تھے۔
پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کی بہت بڑی تعداد نے جدید اسلحہ کے ساتھ پولیس کیمپ پر حملہ کردیا اور پولیس مقابلے کے دوران ڈی ایس پی اوباڑو دو ایس ایچ او سمیت پانچ پولیس اہلکار بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، جب کہ ایس ایچ او رونتی سمیت متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، تاہم ڈاکوؤں نے جدید اسلحے کے ساتھ پولیس ٹیم کو 7 گھنٹے مقابلہ کیا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو تحصیل اسپتال اوباڑو اور اور ایس ایچ او رونتی غلام علی بروہی کو سکھر کے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
دوسری جانب 7 گھنٹے کے بعد شہید پولیس افسران اور اہلکاروں کی لاشیں پولیس کے حوالے کر دی گئیں، اور پولیس ٹیمیں لاشیں تحویل میں لے کر روانہ ہوگئیں۔ حکام نے یہ بھی بتایا کہ کچے کے علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تاحال موجود ہے، تاہم کوئی مغوی بازیاب نہیں ہوسکا۔