ملک کے مختلف اضلاع میں رواں برس کی تیسری ذیلی انسداد پولیو مہم شروع

news-details

اسلام آباد: (پير: 28 نومبر2022) ملک کے مختلف اضلاع میں رواں برس کی تیسری ذیلی انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی ہے۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق 28 نومبر سے اسلام آباد، پنجاب کے 9، سندھ کے 8 جب کہ بلوچستان کے 6 اضلاع میں رواں برس کی تیسری ذیلی انسداد پولیو مہم کا آگاز ہوگیا ہے، خیبر پختونخوا کے 9 ہائی رسک اضلاع میں مہم 5 دسمبر کو شروع ہوگی۔
رواں برس کی تیسری ذیلی انسداد پولیو مہم کے دوران ملک بھر کے 36 اضلاع میں 5 سال سے کم عمر کے ایک کروڑ 35 لاکھ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لئے انسداد پولیو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے انسداد پولیو مہم کے حوالے سے کہا ہے کہ حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے۔ پولیو کے خاتمے کے لئے مربوط حکمت عملی کے تحت موثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں ایک لاکھ سے زیادہ تربیت یافتہ ”صحت محافظ“ حصہ لیں گے، جو گھر گھر جاکر 5 سال سے کم بچوں کو قطرے پلائیں گے۔ وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان نے پولیو کے خلاف جنگ میں بڑی پیش رفت کی ہے، ہم وائرس کے خاتمے کے کافی قریب اور جلد از جلد اپنی منزل کے قریب پہنچنے کے لیے پرعزم ہیں۔
عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ پولیو وائرس کا پھیلاؤ ملک کے صرف ایک چھوٹے حصے میں رہ گیا ہے، والدین، سول سوسائٹی، میڈیا اور علمائے کرام سے گزارش ہے کہ وہ پولیو کے خاتمے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں.