پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس: آج کراچی میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا جائیگا، بلاول بھٹو خطاب کریں گے

news-details

کراچی: (بدھ: 30نومبر2022) پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے سلسلے میں آج کراچی میں نشتر پارک اور اطراف کے علاقوں کو پیپلز پارٹی کے پرچموں اور بینرز سے سجا دیا گیا ہے۔ یوم تاسیس کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی آج کراچی میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔
نشتر پارک میں یوم تاسیس کی مناسبت سے ہونے والے جلسے سے وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔ واضح رہے کہ تیس نومبر 1967 کو لاہور میں پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی گئی، ذوالفقار علی بھٹو اس جماعت کے پہلے چیئرمین منتخب ہوئے، روٹی ، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر پیپلز پارٹی نے ہر گھر میں جگہ بنائی۔
اسلام ہمارا دین، جمہوریت ہماری سیاست، طاقت کا سرچشمہ عوام ، سوشلزم ہماری معیشت کے منشور کے ساتھ پیپلز پارٹی نے 1970 کے عام انتخابات میں مغربی پاکستان میں زبردست کامیاب حاصل کی۔ پیپلز پارٹی نے کئی نشیب و فراز دیکھے، جنرل ضیاء اور مشرف دور میں پیپلز پارٹی کو سختیاں برداشت کرنی پڑیں جبکہ آج کے حلیفوں نے ماضی میں پیپلز پارٹی کے گرد گھیرا تنگ رکھا۔ 55 برس بعد بھی پیپلز پارٹی نے چاروں صوبوں میں اپنی جڑوں کو برقرار رکھا ہوا ہے۔
قبل ازیں صوبائی وزیر سعید غنی نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ بدھ کو ورکنگ ڈے ہے، لوگوں کو تکلیف سے بچانے کے لئے پلان ترتیب دیا ہے، اب ضلعی نہیں یوسی سطع کے قافلے شریک ہوں گے۔ صوبائی وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج پی پی خواتین ونگ کی طرف سے پروگرام ترتیب دیا ہے، بدھ کی شام چار بجے جلسہ منعقد ہوگا۔
سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آئین شکنی کے خلاف جدوجہد کرتی ہی ہے، پیپلز پارٹی کے مشورے پر عمل ہوا تب ہی سلیکٹیڈ سے چھٹکارا ملا، 2007 میں سب جماعتوں نے بائیکاٹ کا ارادہ ظاہر کیا، اس وقت بھی پیپلزپارٹی نے سب کو قائل کیا حالانکہ پیپلزپارٹی چاہتی تو ون تھرڈ میجارٹی لے سکتی تھی۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی لاہور کے زیر اہتمام 55 ویں یوم تاسیس کی باب پاکستان پر ہونیوالی تقریب کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔