نئے ایڈمنسٹریٹر کراچی کیلئے ڈاکٹر سیف الرحمان کا نام فائنل ہو گیا، آج تعینات ہونے کا امکان

news-details

کراچی: (جمعرات: 08 دسمبر2022ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی میں نئے ایڈمنسٹریٹر کیلئے ڈاکٹر سیف الرحمان کا نام فائنل کر لیا گیا، آج ان کی تعیناتی کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت ایم کیو ایم کے نامزد کردہ سیاسی یا سرکاری ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی کی منظوری دے گی، ایڈ منسٹریٹر کراچی کے لیے فائنل ہونے والے ڈاکٹر سیف الرحمان گریڈ 20 کے افسر ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے مطالبے پر ایک ضلعی میونسپل ایڈمنسٹریٹر کو بھی آج تبدیل کیے جانے کا امکان ہے، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ایسٹ میں ایم کیو ایم کا نامزد کردہ افسر ایڈمنسٹریٹر مقرر ہو گا۔
ڈاکٹر سیف الرحمان کون ہیں؟ ڈاکٹر سیف الرحمان کا تعلق پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروس سے ہے اور وہ اس وقت گورنر سندھ کے پرنسپل سیکرٹری ہیں۔ ڈاکٹر سیف الرحمان بلدیہ عظمیٰ کراچی میں میٹروپولیٹن کمشنر رہ چکے ہیں، اس کے علاوہ ڈاکٹر سیف الرحمان ضلع وسطی، شرقی کے ڈپٹی کمشنر سمیت بلدیہ وسطی کے ایڈمنسٹریٹر رہ چکے ہیں۔ ڈاکٹر سیف کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل اور بلوچستان میں کمشنر ژوب بھی تعینات رہے ہیں۔