آزادی اظہار کے چیمپئن ایلون مسک نے متعدد صحافیوں پر پابندی لگادی،ڈیڑھ درجن سے زائد کے اکاؤنٹس معطل

news-details

کیلیفورنیا: (جمعہ: 16 دسمبر2022ء) ٹوئٹر نے جمعرات کو ڈیڑھ درجن سے زائد صحافیوں کے اکاؤنٹس معطل کیے ہیں جو ٹوئٹر اور اس کے نئے مالک ایلون مسک کی خبروں کی کوریج کرتے تھے، ٹویٹر نے یہ نہیں بتایا کہ رپورٹرز کے اکاؤنٹس کیوں معطل کیے گئے۔
جن صحافیوں کے اکاؤنٹس معطل کیے گئے ان میں CNN، نیویارک ٹائمز، اور واشنگٹن پوسٹ کے نامہ نگاروں کے ساتھ ساتھ فری لانس صحافی بھی شامل ہیں۔ایلون مسک کا کہنا ہے کہ صحافیوں کے اکاؤنٹس ٹوئٹر کی اس نئی پالیسی کی وجہ سے معطل کیے گئے ہیں جو نجی جیٹ طیاروں کو ٹریک کرنے والے اکاؤنٹس پر پابندی عائد کرتی ہے۔
ایلون مسک کے مطابق دن بھر ان پر تنقید کرنا ٹھیک ہے لیکن لوکیشن فالو کرنا اور ان کے خاندان کو خطرے میں ڈالنا ہرگز ٹھیک نہیں، ذاتی معلومات کی اشاعت پر پابندی کے قوانین کا اطلاق صحافیوں سمیت سب پر ہوتا ہے۔
کچھ صحافی ٹویٹر پر ایلون جیٹ اکاؤنٹ کو بند کرنے کے بارے میں ٹویٹ کر رہے تھے جس نے ارب پتی مسک کے نجی جیٹ کی پروازوں اور اس اکاؤنٹ کے دوسرے سوشل نیٹ ورکس پر ہوسٹ کیے گئے ورژنز کا پتہ لگایا تھا۔