قومی ٹیسٹ کرکٹر اظہرعلی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوٸے آبدیدہ ہوگئے

news-details

کراچی: (جمعہ: 16 دسمبر2022ء) پاکستان کے ٹیسٹ کرکٹراظہرعلی نے ٹیسٹ کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، وہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کرکٹ سے پہلے ہی ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔ قومی کرکٹر اظہرعلی جمعہ کو کراچی میں ریٹاٸرمنٹ کا اعلان کرتے ہوٸے آبدیدہ ہوگئے، انکا کہنا تھا کہ میرے لیے اپنے ملک کی نمائندگی کرنا بڑے اعزاز کی بات ہے۔
اظہر علی نے کہا کہ پاکستان ٹیم کے ساتھ اچھی یادیں ہیں، میرے کوچز نے بہت سپورٹ کیا، یہ میرا آخری میچ ہوگا اور میرے لیے یہ ایک مشکل وقت ہے۔ اظہرعلی نے کہا ہرکھلاڑی چاہتا ہے پاکستان کیلئے کھیلوں، بورڈ اور سلیکٹرز کا مشکور ہوں، شاہد آفریدی اورسیلکٹرز نے بہت سپورٹ کیا، مصباح اوریونس نے بڑی مدد کی جس پر میرے پاس الفاظ نہیں۔
اظہرعلی نے 2010 میں 25 سال کی عمر میں لارڈز میں آسٹریلیا کے خلاف اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا، انہوں نے پاکستان کیلئے 96 ٹیسٹ میچزکھیلے جس میں انہوں نے 7097 رنز بناٸے، وہ سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے پانچویں پاکستانی بلے باز ہیں۔ اظہر علی ٹیسٹ میچ میں ٹرپل سنچری بنانے والے واحد پاکستانی بلے باز ہیں، 2016 میں دبئی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں اظہر علی 302 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جو ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا سب سے بڑا اسکور ہے۔
اپنے 12 سالہ کیریئر کے دوران اظہر علی نے دو ڈبل سنچریاں بھی بنائیں، ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے خلاف 226 (مئی 2015) اور میلبورن (دسمبر 2016) میں آسٹریلیا کے خلاف 205 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اظہر نے 2016 سے 2020 تک دو الگ الگ ادوار میں نو ٹیسٹ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کپتانی کی، اطہر علی نے 2017 میں پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی کی جیت میں مدد کے بعد 2018 میں ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی۔
اس ٹورنامنٹ میں اظہر نے 50 (بمقابلہ ہندوستان)، 9 (بمقابلہ جنوبی افریقہ)، 34 (بمقابلہ سری لنکا)، 76 (بمقابلہ انگلینڈ سیمی فائنل میں) اور 59 (بمقابلہ ہندوستان فائنل میں) اسکور کیے تھے۔