چین کے کیمیکل پلانٹ میں دھماکا؛ 5 افراد ہلاک،34 زخمی

news-details

بیجنگ: (منگل: 17 جنوری2023ء) چین کے ایک کیمیکل پلانٹ میں دھماکے کے بعد خوفناک آگ بھڑک اُٹھی جس میں جھلس کر 5 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 34 شدید زخمی ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے صوبے لیاؤننگ میں فیکٹری شٹ ڈاؤن میں مرمتی کام کے دوران کیمیکل پلانٹ میں دھماکا ہوگیا۔ دھماکے کے بعد آگ بھڑک اُٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے پلانٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ امدادی کاموں کے دوران پلانٹ سے 5 لاشیں نکالی گئی ہیں جب کہ 34 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کم از کم 8 ملازمین لاپتہ ہیں جن کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہ فیکٹری میں ہی تھے تاہم ان کی باقیات کی تلاش جاری ہے۔ دھماکے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔
حکام نے حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ چین میں کیمیکل پلانٹس میں اصول اور ضابطے کی پیروی نہ کرنے کے باعث اکثر ایسے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔