عمران خان کو عدالتوں سے جو ریلیف ملے اس کے مقاصد سامنے آ رہے ہیں:شرجیل میمن

news-details

کراچی: (بدھ:  24 مئی2023ء)  پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہا ہے کہ عمران خان کو عدالتوں سے جو ریلیف ملے اس کے مقاصد سامنے آ رہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی شرجیل میمن نے کہا کہ آپ کے کیسز کی تفصیل سامنے آئے گی تو لوگوں کو پتا چلے گا آپ سے بڑا کرپٹ کوئی نہیں، پاکستان کا سب سے اہم ادارہ عدلیہ ہے، ہم دل سے عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، ثاقب نثار کی کون عزت کرے گا جو سیاسی جماعتوں کی ٹکٹ بیچ رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کل عمران خان نے ٹوئٹ کیا کہ حیران ہوں جبری علیحدگیاں ہو رہی ہیں، خان صاحب ہم نے پاکستان میں 2018ء سے پہلے جبری شمولیتیں بھی دیکھی ہیں، کیسے جہاز بھر بھر کر سیاست دانوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت کروائی گئی، آپ کو جس طرح مصنوعی وزیراعظم بنوایا گیا پاکستان کے عوام بھولے نہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ یہ کوئی آپ کے نظریے کی وجہ سے سے نہیں آئے تھے، جس طرح سے یہ جا رہے ہیں اس سے بھی زیادہ تیزی سے یہ آئے تھے، اتحادی بھی خوش نہیں تھے وہ جبری اتحادی بنائے گئے تاکہ ناجائز بلز پاس کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ کو سفارش نہیں سننی چاہیے، قانون اور آئین کے دائرے میں چلیں، قانون و آئین کے مطابق فیصلے دیں ہم دل سے عزت کریں گے، کوئی جج کیسے کسی کو منع کر سکتا ہے تفتیش کرنے سے، یہ سارے غیر قانونی غیر آئینی فیصلے ہیں۔