بھارت نے’سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا‘علامہ اقبال کا مضمون نصاب سے نکال دیا

news-details

نئی دہلی: (ہفتہ:  27 مئی2023ء)  بھارت میں ایک بار پھر متعصبانہ رویے کا مظاہرہ کرتے ہوئے علامہ اقبال سے متعلق مضمون نصاب سے نکال دیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق غیرمنقسم ہندوستان کے لیے مشہور ترانہ ’ سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا‘ لکھنے والے اور نظریہ پاکستان کے خالق علامہ محمد اقبال سے متعلق مضمون نصاب سے نکال دیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق دہلی یونیورسٹی کی اکیڈمک کاؤنسل نے پاکستان کے قومی شاعر علامہ اقبال سے متعلق مضمون نکالنے کی قرارداد منظور کرلی۔ علامہ اقبال سے متعلق مضمون بی اے کے نصاب میں شامل ہے۔

قرارداد کی منظوری کے بعد پولیٹکل سائنس کے نصاب میں شامل  علامہ اقبال کے بارے میں مضمون ’ اقبال: کمیونٹی‘ کو نصاب سے نکال دیا گیا۔ یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مضمون کو  نصاب کو جدید بنانے کی مہم کے سلسلے میں حذف کیا گیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ مضمون نصاب سے نکالنے کی قرارداد جمعہ کے روز منظور کی گئی، علامہ اقبال سے متعلق مضمون بی اے کے چھٹے سمسٹر کی کتاب کا حصہ تھا جسے اب حذف کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ علامہ اقبال نے سارے جہاں سے ہندوستاں ہمارا لکھی تھی جسے آنجہانی لتا منگیشکر سمیت متعدد گلوکاروں نے اپنی آواز میں گایا۔