'ساس کھانا تک نہیں دیتی'، انعمتا قریشی نے سسرالیوں پر ناروا سلوک کے الزامات عائد کر دیئے

news-details

لاہور: (جمعرات: 01 جون 2023ء) پاکستانی اداکارہ انعمتا قریشی نے اپنے سسرالیوں پر ناروا سلوک کے الزامات عائد کر دیئے۔ انعمتا قریشی نے انسٹا گرام پر متعدد سٹوریز پوسٹ کیں جس میں انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کے خاوند سارنگ کی والدہ اور بہن سمیت رشتے دار ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرتے ہیں جسے وہ بارہا نظر انداز کردیتی ہیں۔

اداکارہ کی جانب سے اپنی ساس پر سنگین نوعیت کے لگاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان کی ساس انہیں برا کہنے اور بے عزت کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتیں، ان کی ساس اس سوچ کی مالک ہیں جو اپنی بہوؤں پر حکمرانی کے خواب دیکھتی ہیں اور انہیں آزادانہ زندگی گزارنے کا حق نہیں دیتیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ میری ساس مجھے گزشتہ کئی عرصے سے جسمانی و زبانی تشدد کا نشانہ بنارہی ہیں جب کہ ان کی بہن فرحین قاضی نے میری والدہ پر تشدد کیا جس سے ان کا پاؤں فریکچر ہو گیا۔ انعمتا قریشی نے انکشاف کیا کہ ان کے شوہر کام کے سلسلے میں گھر سے دور ہوتے ہیں اس دوران ان کی ساس ان پر ظلم و ستم ڈھاتی ہیں، یہاں تک کہ انہیں کھانے تک کو نہیں دیتیں اور ساس کی وجہ سے انہیں بھوکا رہنا پڑتا ہے، وہ راشن کی سب چیزیں ان سے چھپائے رکھتی ہیں۔

انسٹا گرام سٹوری پر اداکارہ نے کہا کہ ان کی ساس کا کہنا ہے کہ میں ایک اداکارہ ہوں اس لیے میرے ساتھ گھر نہیں بسایا جا سکتا۔ اپنے شوہر سے متعلق انعمتا نے کہا کہ سسرالیوں کے برے سلوک کے برعکس اس سارے معاملے میں شوہر ان کا ساتھ دیتے ہیں اور وہی ان کی طاقت بنے ہوئے ہیں۔ تاہم اداکارہ نے اپنی سٹوریز میں مداحوں سے اپنے مسائل حل ہونے کے لیے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔

واضح رہے کہ انعمتا قریشی نے جنوری 2020 میں دیرینہ دوست سارنگ قاضی سے شادی کی تھی، ان کے ہاں شادی کے دو سال بعد جنوری 2022 میں بیٹے سائرس کی پیدائش ہوئی تھی۔