سابق صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی مرتضیٰ وہاب کو میئر کراچی منتخب ہونے پر مبارکباد

news-details

کراچی: (جمعرات: 15 جون 2023ء)  پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مرتضیٰ وہاب کو کراچی کا میئر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔ سابق صدر آصف زرداری کے ترجمان کے مطابق آصف علی زرداری نے سندھ کے تمام میئرز، ڈپٹی میئرز، ڈسٹرکٹ کونسلز اور ٹاؤن کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کو بھی مبارک باد دی ہے۔ اپنے بیان میں سابق صدر کا کہنا ہے کہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کی کامیابی کارکنوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔ آصف زرداری نے سندھ کے تمام میئرز، ڈپٹی میئرز، ڈسٹرکٹ کونسلز اور ٹاؤن کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کو ہدایت کی ہے کہ اپنے دفتروں کے دروازے عوام کیلئے کھلے رکھیں، آج ہی سے اپنا کام شروع کر دیں۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مرتضیٰ وہاب کو میئر کراچی اور سلمان عبداللہ مراد کو ڈپٹی میئر منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی کراچی کے جیالوں کی طویل جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے، ملک کے معاشی حب میں نفرت اور تقسیم کی سیاست اپنے منطقی انجام کو پہنچی، جمہوریت بہترین انتقام ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ شہرِ قائد کو حقیقی معنوں میں عروس البلاد بنائیں گے، کراچی اب ترقی، امن اور بھائے چارے کا گہوارہ بنے گا، کراچی کی ہر گلی، محلے اور علاقے کے بلدیاتی مسائل بلاامتیاز حل کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرتضیٰ وہاب اور سلمان عبداللہ مراد سمیت پیپلز پارٹی کے تمام منتخب نمائندوں کے کندھوں پر اب بھاری ذمے داریاں ہیں، مجھے یقین ہے، ماضی میں کٹھن ترین حالات کا مقابلہ کرنے والے جیالے اب کی بار بھی سرخرو ہوں گے۔