ایف آئی اے نے اسرائیل میں ملازمت کرنے والے 5 پاکستانیوں کو گرفتار کر لیا

news-details

کراچی: (بدھ:  05جولائی 2023ء)  ایف آئی اے نے اسرائیل میں ملازمت کرنے والے 5 پاکستانیوں کو گرفتار کر لیا۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کرائم سرکل میرپور خاص نے اہم کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل میں ملازمت اختیار کرنے والے 5 پاکستانی ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ مجموعی طور پر 8 ملزمان کے خلاف 5 مقدمات درج کر لیے گئے، ملزمان تل ابیب میں بطور ہیلپر اور کار واشر ملازمت سر انجام دیتے رہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان 4 سے 7 سال تک تل ابیب میں مقیم رہے، جنہوں نے اسرائیلی ایجنٹ کے ذریعے انٹری حاصل کی، ملزمان نے اسرائیلی ایجنٹ کو فی کس 3 سے 4 لاکھ روپے ادا کیے، گرفتار ملزمان نعمان صدیقی، کامل انور، کامران صدیقی، محمد ذیشان اور محمد انور کا تعلق میرپور خاص سے ہے جو شینگن ویزے پر جارڈن ایئرپورٹ سے اسرائیل داخل ہوتے تھے۔

ملزمان ویسٹرن یونین کے ذریعے پاکستان رقوم منتقل کرتے رہے اور ترکیہ، کینیا و سری لنکا کے راستے سے بھی جارڈن ایئرپورٹ سے اسرائیل داخل ہوتے رہے۔ ملزمان وطن واپسی کے لیے دبئی کے راستے جارڈن ایئرپورٹ سے کراچی آتے تھے، ملزمان کے خلاف پاسپورٹ ایکٹ اور امیگریشن آرڈیننس کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔