زراعت پاکستان کی معیشت کو بدل دے گی،مشکل معاشی حالات کے باعث آئی ایم ایف پروگرام قبول کیا: وزیراعظم

news-details

پشاور: (منگل:  11 جولائی 2023ء) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشکل معاشی حالات کے باعث آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا، ہم نے آئی ایم ایف پروگرام خوشی سے نہیں مجبوراً قبول کیا۔ فاٹا یونیورسٹی کے فیز ون کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ضرور اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگا، خوشحالی آئے گی، زراعت پاکستان کی معیشت کو بدل کر رکھ دے گی، ہم نے اگربھکاری پن کا خاتمہ کرنا ہے تو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج ہمیں سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر ملا، سعودی کراؤن پرنس میرے بھائی محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سعودی لیڈر شپ نے بُرے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، اسحاق ڈار اور سپہ سالار عاصم منیر کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کا مستقبل سنوارنے کا لمحہ آچکا ہے، زراعت، آئی ٹی اور معدنیات کیلئے جامع منصوبہ بنایا ہے، آج ہمارا ہمسایہ ہم سے آگے نکل گیا ہے تو قصور ہمارا ہے، ہمیں آج اپنے گریبانوں میں جھانکنا ہوگا، آج ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ ہاتھ اونچا رکھنا ہے یا کشکول لے کر پھرنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایک وقت تھا ہماری کاٹن ایکسپورٹ بھارت سے زیادہ تھی، ہمیں ماضی میں جا کر سبق سیکھنا ہے، رونے دھونے سے کبھی ملک خوشحال نہیں ہوئے، ملک محنت کی بنا پر خوشحال ہوئے ہیں، ہم نے زراعت اور ملکی صنعتوں میں انقلاب لے کر آنا ہے، یقین ہے آئندہ چند سالوں میں پاکستان خطے اور دنیا میں ترقی کرتا ہوا عظیم ملک بن جائے گا

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ لیپ ٹاپ کی تقسیم کا سلسلہ نوازشریف کے دور میں شروع کیا تھا، ہم آئندہ بھی 1 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے، ایک بھی لیپ ٹاپ سفارش پر نہیں جائے گا، صرف اور صرف میرٹ پر لیپ ٹاپس دیئے جائیں گے، دوبارہ موقع ملا تو آبادی کے تناسب سے ہر صوبے میں لیپ ٹاپس تقسیم کریں گے۔