ایم کیو ایم کی رعنا انصار سندھ اسمبلی میں پہلی خاتون اپوزیشن لیڈر مقرر

news-details

کراچی: (بدھ : 26 جولائی 2023ء)  متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رکن رعنا انصار سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بن گئیں، اسپیکر نے قائد حزب اختلاف کی نشست پر بٹھادیا۔ مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جلد نوٹیفکیشن بھی جاری ہوجائے گا۔ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے آج (بدھ کو) ہی سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کیلئے درخواست جمع کرائی گئی تھی رعنا انصار کو ایم کیو ایم کے 20، جی ڈی اے کے 10 اور پی ٹی آئی کے 9 منحرف ارکان کی حمایت ملی۔

متحدہ اپوزیشن کی جانب سے ایم کیو ایم کی رعنا انصار کو اپوزیشن لیڈر کیلئے نامزد کیا گیا جن کی تقرری کا اعلان اسپیکر سندھ اسمبلی نے کیا۔ رکن سندھ اسمبلی رعنا انصار صوبائی اسمبلی کی پہلی خاتون اپوزیشن لیڈر ہیں۔ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا کہ رعنا انصارکو پہلی خاتون اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی بننے پر مبارکباد دیتا ہوں، اس حوالے سے جلد نوٹیفکیشن جاری ہوگا جو سب کو دے دیا جائے گا۔ اسپیکر سندھ اسمبلی نے اجلاس 2 اگست کی صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا۔

دریں اثنا ایم کیو ایم کی رعنا انصار کے اپوزیشن لیڈر بننے سے سندھ میں پی ٹی آئی کو بڑا نقصان ہوا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف سندھ میں نگراں حکومت کی مشاورت کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔ اب صوبائی نگراں حکومت کے لیے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم میں مشاورت ہوگی۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ایم کیو ایم کی اپوزیشن لیڈر رعنا انصار سے نگراں سیٹ اپ سے متعلق مشاورت کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اگست کے پہلے ہفتے سے نگراں حکومت متعلق مشاورت شروع کریں گے۔