لاہور: (پیر:25ستمبر2023ء)9مئی حملوں کے بعد دوران حراست لاپتا کیے جانے والے اینکر عمران ریاض خان چار ماہ بعد گھر پہنچ گئے ہیں۔سیالکوٹ پولیس کے ڈی پی او حسن اقبال کا کہنا ہے کہ اینکر اور یوٹیوبر عمران ریاض خان بازیاب ہو کر گھر پہنچ گئے۔انہیں سیالکوٹ سے ایف آئی اے نے گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کیا تھا۔
سیالکوٹ پولیس نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے دعویٰ کیا ہے کہ عمران ریاض خان بازیاب ہو کر بحفاظت اپنے گھر پہنچ چکے ہیں، وہ اس وقت اپنی فیملی کے ساتھ ہیں۔خیال رہے کہ ایف آئی اے کی ٹیم نے رواں سال فروری میں عمران ریاض خان کو دبئی جاتے ہوئے گرفتار کیا تھا، عمران ریاض خان کو متنازع بیان دینے پر گرفتار کیا گیا تھا۔
عمران ریاض خان کے والد نے لاہور ہائی کورٹ درخواست دی کہ ان کے بیٹے کو اغوا کیا گیا ھے، 16 مئی کو والد ریاض خان کی مدعیت میں تھانہ سول لائن میں عمران ریاض خان کے اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کی تعزیرات کی دفعہ 365 کے تحت نامعلوم افراد اور پولیس اہلکاروں کے خلاف درج کی گئی۔