حیدرآباد: سافکو نے اسلامی شرعی اصولوں کے مطابق مالیاتی خدمات کا آغاز کردیا

news-details

حیدرآباد: (جمعرات:26ستمبر2023ء) سافکو نے اسلامی شرعی اصولوں کے مطابق مالیاتی خدمات شروع کردی ہیں اور اس سلسلے میں حیدرآباد میں پہلا برانچ آفس کھولا گیا اور ابتدائی طور پر مویشیوں، سولر، بائیک اور دیگر نوعیت کے کاروبار کے لیے اثاثے فراہم کیئے گئے۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے روایتی مالیاتی خدمات فراہم کرنے والی سافکو مائیکرو فنانس کمپنی نے میزان بینک اور'پی ایم آئی سی' کے تعاون سے ہیرآباد حیدرآباد میں 'یقین اسلامک فنانسنگ' کے نام سے سروس کی پہلی برانچ قائم کردی ہے، جس کا گذشتہ روز سافکو کے بانی، صدر و سی ای او سلیمان جی ابڑو کے ہمراہ میزان بینک کے سینئر ایگزیکیوٹو وائس پریزیڈنٹ اور شریعہ کمپلائنس گروپ ہیڈ احمد علی صدیقی، ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ و ایگریکلچر فنانس ہیڈ کامران بخشی، نائب صدر و شریعہ ایڈوائزری یونٹ ہیڈ، 'پی ایم آئی سی' کے عادل مسعود، حمزہ اور ایم ڈی سافکو مائکروفنانس سید سجاد علی شاہ نے افتتاح کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے احمد علی صدیقی نے کہا کہ مائیکروفنانس کے شعبے میں سافکو پہلا ادارہ ہے جس نے اسلامی شرعی اصولوں کے تحت مالیاتی خدمات کی فراہمی شروع کی ہے جو کہ مالیاتی شعبے میں کام کرنے والے دیگر اداروں کے لیے ایک مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی بینکاری نظام دنیا کے 120 ممالک میں کسی نہ کسی شکل میں موجود ہے جب کہ ایران اور سوڈان میں مکمل طور پر اسلامی مالیاتی نظام ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ ہو چاہے سنی ہو اسلامی مالیاتی نظام سب کے لیے یکساں ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سلیمان جی ابڑو نے کہا کہ اسلامی مالیاتی نظام میں اتنی طصلاحیت ہے کہ اسکے نفاذ سے قوموں کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایسے لوگوں کے لیے اسلامی اور شرعی اصولوں پر مبنی مالیاتی خدمات فراہم کرنا شروع کر دی ہیں جو عام مالیاتی نظام کے تحت مالیی خدمات حاصل کرنے سے گریز کرتے ہیں۔
قبل ازیں سید سجاد علی شاہ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اسلامی مالیاتی نظام اور کاروباری حکمت عملی کے بارے میں سافکو کے تصور سے آگاہ کیا۔