ڈاکٹر ارشد ابڑو کی نگرانی میں قائم انوویٹیو ایڈوانس سرجری ڈپارٹمنٹ نے ایک اور بین الاقوامی اعزاز اپنے نام کر لیا

news-details

حیدرآباد:(ہفتہ: 04 نومبر2023ء) سول اسپتال حیدرآباد میں پروفیسر آف سرجری ڈاکٹر ارشد ابڑو کی نگرانی میں قائم انوویٹیو ایڈوانس سرجری ڈپارٹمنٹ نے ایک اور مزید بین الاقوامی اعزاز اپنے نام کر لیا۔ جہاں ٹریننی سرجن کے بعد اب عراق کے شہر بصرہ میں قائم یونیورسٹی آف بصرہ سمیت چار بڑے اسپتالوں میں سرجری ڈپارٹمنٹس کے ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ از خود، ٹریننگ کرنے کے لیے پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

پروفیسر معازم عبدالستار عبداﷲ، سرجن ڈاکٹر احمد ظاہرہ خلف العیسی، سرجن ڈاکٹر صالح خادم مسلم اور سرجن ڈاکٹر صادق قاسم جاسم آج ہفتہ کو پاکستان پہنچیں گے اور اتوار، پیر اور منگل کو وہ حیدرآباد کے سول اسپتال میں قائم انوویٹیو ایڈوانس سرجری ڈپارٹمنٹ میں وڈیو اسٹیڈ سرجری، ٹرانس اینل سرجری اور اینڈو اسکوپک سرجری کی سرجن ڈاکٹر ارشد ابڑو سے خصوصی ٹریننگ لیں گے۔

واضع رہے کہ انٹرنیشنل فورم نے سرجن ڈاکٹر ارشد ابڑو کو استنبول میں ہونی والی ایشیاءپیسفیک اینڈو اسکوپک اینڈ لیپرو اسکوپی سرجری سال 2023 میں انٹرنیشنل ٹریننگ کے لیے منتخب کر لیا تھا جس کی بنیاد پر ڈاکٹر ارشد ابڑو نے استنبول ہی میں سرجنز کو ٹریننگ دی تھی جس کے بعد اب عراق کے مصروف شہر بصرہ سے تعلق رکھنے والے چار سرجنز جو اپنے اپنے اسپتالوں میں ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ سرجری ہیں وہ ٹریننگ کرنے پہنچ رہے ہیں۔

اس سلسلے میں انوویٹیو ایڈوانس سرجری ڈپارٹمنٹ میں پیر کے روز دوپہر ایک بجے پریس بریفنگ بھی رکھی گئی ہے جس میں آنے والے مہمان سرجنز اپنے پاکستان میں اپنے تیکنیکی ٹریننگ کے تجربے سے متعلق گفتگو بھی کریں گے۔ سول اسپتال حیدرآباد میں پروفیسر آف سرجری ڈاکٹر ارشد ابڑو کی نگرانی میں قائم انوویٹیو ایڈوانس سرجری ڈپارٹمنٹ میں غیر ملکی سرجنز کی ٹریننگ کے بعد ڈپارٹمنٹ کو پاکستان بھر میں منفرد مقام حاصل ہو جائے گا جہاں فیز ٹو میں بغداد کے مختلف اسپتالوں سے تعلق رکھنے والے سرجنز، ہیڈ آف ڈپارٹمنٹس جدید طرز کے آپریشن کے طریقہ کار کے متعلق ٹریننگ حاصل کرنے پاکستان آئیں گے۔