پاکستان بھر میں سیلاب سے متاثرہ 10 ہزار سے زائد پولیو ورکرز میں 21 کروڑ 60 لاکھ روپے تقسیم

news-details

لاہور: (اتوار: 26 نومبر2023ء) گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشیٹو (جی پی ای آئی) نے پاکستان بھر میں سیلاب اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے پولیو ورکرز کی مدد کے لیے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے 10ہزار 500 پولیو ورکرز میں 21 کروڑ 60 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے ہیں۔

گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشیٹو نے ایک بیان میں کہا کہ اگرچہ کوئی بھی معاوضہ تباہ کن سیلاب سے ہونے والے نقصان اور تباہی کو پورا نہیں کر سکتا گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشیٹو نے زیادہ سے زیادہ افراد کی مدد کے لیے کام کیا۔ اس نے کہا کہ اس کے باوجود تنظیم نے ان ورکرز کو معاوضہ دینے کے لیے فوری طور پر فنڈز حاصل کیے جن کے گھروں کو مکمل یا جزوی نقصان پہنچا۔

اپریل 2023 تک 10ہزار 500 پولیو ورکرز میں 21 کروڑ 60 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے جا چکے ہیں، گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشیٹو کا کہنا ہے کہ اس نے ملک بھر میں 12ہزار 500 سے زیادہ پولیو ورکرز کی امداد کرنے کا بھی عزم کیا جو سیلاب سے متاثر ہوئے۔ کمیونٹیز اور مقامی حکام کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے پولیو پروگرام اپنے آپریشنز جاری رکھنے میں کامیاب رہا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ پاکستان میں اس بیماری کے خلاف حاصل کامیابی ضائع نہ ہو اور پولیو ورک فورس اور متاثرہ کمیونٹیز کو اس موسمیاتی آفت کے بعد مدد فراہم کی گئی۔

پاکستان وائلڈ پولیو کے آخری دو مقامی ممالک میں سے ایک ہے، ملک خطرناک بیماری کے خاتمے کے پہلے کے مقابلے میں کافی زیادہ قریب ہے، تاہم بہت سے ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی بحران کا سب سے زیادہ شکار ہیں، جیسے جیسے دنیا گرم تر ہوتی جا رہی ہے، زیادہ تسلسل اور شدید گرمی کی لہریں، شدید خشک سالی، تباہ کن سیلاب، پولیو کے خلاف ہونے زبردست پیش رفت کو خطرے سے دوچار کرسکتے ہیں۔