پرتھ ٹیسٹ میں پاکستان کو تاریخی شکست، پوری ٹیم 89 رنز پر آل آؤٹ

news-details

پرتھ: (اتوار: 17 دسمبر2023ء)  پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو تاریخی 360 رنز سے شکست دے دی، 450 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 89 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ آسٹریلیا نے میچ کی دوسری اننگز 233 رنز 5 وکٹوں کے نقصان پر ڈیکلیئر کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کیلئے 450 رنز کا بڑا ہدف دے دیا، تاہم ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔

پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کی تو دو رنز پر ہی پہلی وکٹ گر گئی، اوپنر عبداللہ شفیق دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، قومی ٹیم کی دوسری وکٹ 17 رنز پر گری، کپتان شان مسعود بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ نہ کر سکے اور دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، پاکستان کا تیسران نقصان 19 رنزکے مجموعے پر ہوا جب امام الحق نے محض 10 رنز بنا کر ہی پویلین کی راہ لی۔

قومی ٹیم کو چوتھا نقصان بابراعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا، سابق کپتان صرف 14 رنز بنا کر ہی چلتے بنے، وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد ایک مرتبہ پھر مچل سٹارک کا شکار ہوئے اور 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ سلمان علی آغا 5 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے،  فہیم اشرف آؤٹ ہونے والے ساتویں بلے باز تھے جو نیتھن لائن کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ بعدازاں عامر جمال 4 رنز بنا کر نیتھن لائن کی گیند پر بولڈ ہوگئے، سعود شکیل 24 رنز بنا کر جوش ہیزل ووڈ کی گیند کا شکار ہوئے جبکہ خرم شہزاد صفر پر پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلیوی سپنر نیتھن لائن نے ٹیسٹ کیریئر کی 500 وکٹیں بھی مکمل کر لیں، وہ 500 وکٹیں حاصل کرنے والے آسٹریلیا کے تیسرے اور ٹیسٹ کی تاریخ کے آٹھویں باؤلر ہیں۔ قبل ازیں کھیل کے چوتھے روز آسٹریلیا نے اپنی نامکمل دوسری اننگز کا آغاز 2 وکٹوں کے نقصان پر 84 رنز سے کیا۔

آسٹریلوی بلے باز اسٹیون اسمتھ نے43 اور عثمان خواجہ نے 34 رنز کے ساتھ چوتھے روز کھیل کا آغاز کیا تو کچھ ہی دیر میں فاسٹ باؤلر خرم شہزاد نے 87 رنز پر پاکستان کے لیے تیسری وکٹ حاصل کی،خرم شہزاد نے 45 رنز پر اسٹیون اسمتھ کو پویلین کی راہ دکھائی۔ آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ 107 رنز پر گری جب ٹریوس ہیڈ 14 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے،  میزبان ٹیم کی پانچویں وکٹ دوسری اننگز کے 233 رنز پر گری جب شاہین آفریدی کی گیند پر عثمان خواجہ 90 رنز بنا کر بابراعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ عثمان خواجہ کے آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلیا نے بیٹنگ ڈیکلیئر کر دی، آسٹریلیا نے 233 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی بیٹنگ ڈیکلیئر کر کے پاکستان کو 450 رنز کا ہدف دیا تھا۔