میلبرن ٹیسٹ کا تیسرا روز ختم:آسٹریلیا نے پاکستان کیخلاف 241 رنز کی برتری حاصل کرلی

news-details

میلبرن: (جمعرات: 28  دسمبر2023ء)  میلبرن ٹیسٹ کے تیسرے روز کے اختتام پر آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنالیے، کینگروز پاکستان پر 241 رنز کی برتری حاصل ہے۔ آسٹریلیا نے جیسے ہی دوسری اننگز شروع کی تو شاہین ان پر جھپٹ پڑے، اننگز کی دوسری ہی گیند پر شاہین نے عثمان خواجہ کو چلتا کیا جب کہ لنچ سے پہلے لبوشین کو بھی میدان بدرکردیا۔

ابتدائی دو وکٹیں حاصل کرنے کے بعد دوسرے اینڈ سے شاندار بولنگ کرتے ہوئے میر حمزہ نے بھی وکٹیں حاصل کرنا شروع کر دیں۔ آسٹریلوی اننگ کے 5.1 اوور میں میر حمزہ نے ڈیوڈ وارنر کو 6 رنز پر بولڈ کیا جس کے بعد انہوں نے اگلی ہی گیند پر ٹریوس ہیڈ کو بھی بولڈ کر کے اپنی دھاک بٹھا دی۔ جلد 4 وکٹیں گرنے کے بعد آسٹریلوی بیٹر سٹیو سمتھ اور مچل مارش نے پارٹنرشپ قائم کی، اس دوران مچل مارش نے 70 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری سکور کی۔ سٹیو سمتھ اور مچل مارش کی پارٹنرشپ کی بدولت آسٹریلیا نے میچ میں اپنی پوزیشن مستحکم کی جس کے بعد 49.5 اوورز میں میر حمزہ نے آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ اڑائی، انہوں نے مچل مارش کو 96 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔

مچل مارش کے بعد سٹیو سمتھ بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رہ سکے اور 50 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر سلمان علی آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ پاکستان کی جانب سے میر حمزہ اور شاہین آفریدی نے 3 ،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کے اختتام پر آسٹریلیا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنا لیے اور ان کو 241 رنز کی برتری حاصل ہے۔