سڈنی: (ہفتہ:06 جنوری 2024ء) آسٹریلیا کیخلاف نئے لڑکوں کو کھلانے کا تجربہ بری طرح ناکام ثابت ہو گیا، کینگروز نے پرتھ اور میلبرن کے بعد سڈنی ٹیسٹ میں بھی شکست دے کر پاکستان کو وائٹ واش کر دیا۔
آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ہونے والے ٹیسٹ سیریز کے آخری میچ کی دوسری اننگز میں پاکستان کے تمام کھلاڑی صرف 115 رنز ہی بنا سکے، صائم ایوب33، بابراعظم 23، محمد رضوان 28 اور عامر جمال 18 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کے باقی کھلاڑی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میزبان ٹیم کو جیتنے کیلئے 130 رنز کا آسان ہدف دیا گیا جسے انہوں نے 2 وکٹوں کے نقصان پر ہی پورا کر لیا۔
دوسری اننگز میں آسٹریلیا کی پہلی وکٹ صفر پرگر گئی، عثمان خواجہ کو ساجد خان نے آؤٹ کیا، کھانے کے وقفے تک آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 91 رنز بنا لئے تھے۔ دوسری وکٹ ڈیوڈ وارنروارنر کی گری، انہوں نے 57 رنز بنائے اور ساجد خان کا شکار ہوئے۔اسٹیون اسمتھ نے 4 رنز اور مارنس لبوشین نے 55 رنزکے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ عامر جمال کو مین آف دی میچ جبکہ پیٹ کمنز کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ آسٹریلیا نے چوتھے روز پاکستان کا دیا ہوا 130 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 25.5 اوورز میں پورا کر لیا۔
یاد رہے کہ دسمبر 2022ء میں انگلینڈ نے بھی پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر وائٹ واش سے دوچار کیا تھا، ہوم گراؤنڈ پر پہلی بار پاکستان کو مسلسل 4 ٹیسٹ میچز میں شکست ہوئی، اس قبل 1960ء میں پاکستان ٹیم ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز دو صفر سے ہاری تھی۔