سوشل میڈیا پرخود کو خوبصورت دکھانے کے لیے نوجوانوں کا کثرت سے نقصان دہ اشیاء کے استعمال کا انکشاف

news-details

میلبرن: (پير:15 جنوری 2024ء)  ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمز پر خود کو بہتر دکھانے کے لیے نوجوان صارفین مشتبہ اشیاء کا کثرت سے استعمال کر رہے ہیں۔ دنیا بھر میں چھ لاکھ افراد پر کی جانے والی 90 تحقیقوں پر آسٹریلیا میں کیے جانے والے ایک مطالعے میں عالمی سطح پر نوجوانوں میں وزن کم کرنے کی اشیاء کے استعمال کی شرح 5.5 فیصد پائی گئی۔

اس شرح میں دو فیصد وہ بچے شامل ہیں جنہوں نے یہ اشیاء گزشتہ ہفتے استعمال کرنے کے متعلق بتایا جبکہ چار فیصد وہ ہیں جنہوں نے یہ اشیاء گزشتہ ماہ استعمال کیں۔ چھ فیصد نوجوانوں نے گزشتہ سال اور نو فیصد نوجوانوں نے وزن کم کرنے کی اشیاء زندگی میں کسی موقع پر استعمال کرنے کے متعلق بتایا۔ امریکا میں مجموعی طور پر بچوں میں ان اشیاء کے استعمال کی شرح 6.1 فیصد پائی گئی۔

محققین نے ان اشیاء میں وزن کم کرنے والی ان ادویات اور غذائی سپلیمنٹس کو شامل کیا جن کو ان نوجوانوں نے ڈاکٹر کی ہدایات کے بغیر استعمال کیا تھا۔ تحقیق میں معلوم ہوا کہ یہ شرح لڑکوں کی نسبت لڑکیوں میں زیادہ ہے۔ تاہم، دیگر ممالک میں یہ شرح مختلف ہے۔ نتائج کے متعلق بات کرتے ہوئے محققین نے اشیاء کے بے دریغ استعمال کو روکنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اشیاء کا طویل مدت تک استعمال صحت کے لیے مسائل کا سبب ہو سکتا ہے۔