برسبین: (ہفتہ:27 جنوری 2024ء) برسبین ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ کا آؤٹ باؤلر کے ری ایکشن کی وجہ سے یادگار بن گیا۔ آسٹریلیا کے خلاف اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میچ میں پہلی وکٹ لینے پر ویسٹ انڈیز کے باؤلر کیون سنکلیئر نے منفرد انداز میں جشن منایا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے کیون سنکلیئر کی گیند پر عثمان خواجہ کیچ آؤٹ ہوئے، پہلی ٹیسٹ وکٹ لینے پر کیون کی خوشی منانے کا انداز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔
ویسٹ انڈین سپنر کیون سنکلیئر نے 75 رنز پر بیٹنگ کرنے والے عثمان خواجہ کو کیچ آؤٹ کرایا اور پہلی ٹیسٹ وکٹ کا جشن مناتے ہوئے کیون نے حیران کن طور پر ہوا میں قلابازیاں لگا کر جشن منایا جسے گراؤنڈ میں بیٹھے شائقین نے کافی انجوائے کیا۔ وکٹ لینے کے بعد منفرد جشن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی جس میں صارفین نے اس جشن کو باؤلر کی جانب سے اب تک کا منفرد جشن قرار دیا۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے 311 رنز کے جواب میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 289 رنز 9 وکٹوں پر ڈیکلیئر کر دی۔ ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز ایک وکٹ پر 13 رنز بنالیے۔ ویسٹ انڈیز کوآسٹریلیا کے خلاف 35 رنزکی مجموعی برتری حاصل ہے۔